بھٹکل 5/دسمبر(ایس او نیوز) ماہی گیری کے دوران بحیرہئ عرب میں اچانک طوفانی کیفیت پید اہونے کی وجہ سے مصیبت کا شکار ہونے والے264مچھیروں کو انڈین کوسٹ گارڈ نے بچالیا ہے۔
بھٹکل ساحل سے 225تا250ناٹیکل میل(450سے470کلو میٹر) کی دوری پرماہی گیر مصیبت میں پھنس گئے تھے جو تقریباً دس ماہی گیر کشتیوں میں سوار تھے۔۔کوسٹ گارڈکے ’سمدر پراہاری، سامر، ساوتری بائی پھولے، امل اور اپوروا‘ نامی جہاز ان آفت کے مارے مچھیروں کی مدد کے لئے پہنچے۔اس کے علاوہ راحت رسانی کی اس مہم میں ڈونیئرایئر کرافٹ اور تجارتی جہازوں کی بھی مدد لی گئی۔تفصیلات کے مطابق ہندوستانی تجارتی جہاز نودھینو پورنا کے ذریعے 86، جاپانی جہاز ایم وی ٹوورڈزنے 34ماہی گیروں کو بچایا۔جبکہ مزید پانچ تجارتی جہازوں نے بچائے گئے 34ماہی گیروں کو گوا بندرگاہ تک پہنچانے میں انڈین کوسٹ گارڈ جہاز کی مدد کی۔
انڈین کوسٹ گارڈ کے ذرائع کے مطابق وہ لوگ شپنگ کمپنیوں کے ذمہ داران سے رابطے میں ہیں تاکہ مصیبت زدہ ماہی گیروں کو کنارے تک لانے کے لئے اس علاقے سے گزرنے والے دیگر تجارتی جہازوں کی مدد لے سکیں۔مصیبت میں پھنسی ہوئی دیگر کشتیوں کے ماہی گیروں کو بچانے کی مہم ابھی جاری ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ کوسٹ گارڈ کے پاس ماہی گیر کشتیوں کو ساحل تک کھینچ کر لانے کی سہولت نہیں ہے۔
تملناڈو سے تعلق رکھنے والی ایک ماہی گیر کشتی کے مالک جان بوسکو نے بتایا کہ امکانی طور پر 120کے قریب کشتیاں طوفان کے زد میں آگئی ہیں۔ ان میں سے بہت سی کشتیاں مچھلیوں کے شکار کے لئے 25-30دن قبل سمندر میں گئی تھیں۔ ابھی تک تمام کشتیوں سے رابطہ قائم نہیں ہوپایا ہے۔